کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں شہر میں ڈکیتی کی واردات میں تین نامعلوم ڈاکو اسلحہ کی نوک پر لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فونز شاپروں میں ڈال کر فرار ہو گئے اور جاتے ہوئے وہاں موجود ایک گاہک سے پچاس ہزار روپے کی نقدی اور ایک سو برطانوی اسٹرلنک پاؤنڈز بھی چھین لئے گئے۔ڈکیتی کی یہ واردات ہفتے کی شام چھ بجے کے قریب شہر کی مصروف شاہراہ چوآ روڈ پر پیش آئی جہاں تین مسلح ڈاکو جنہوں نے چہروں پر فیس ماسک پہن رکھے تھے ندیم صدیقی نامی شخص کی موبائل فون شاپ میں داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر دکان سے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فونز اور ایک لاکھ روپے کی نقدی لوٹ لی جبکہ فرار ہونے سے قبل دکان میں موجود زین نامی گاہک سے دوران تلاشی پچاس ہزار روپے کی رقم اور ایک سو برطانوی پاؤنڈز چھین لئے اور موٹر سائیکلوں پر بیٹھ کر فرار ہو گئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او کہوٹہ سرکل مرزا طاہر سکندر اور ایس ایچ او کلر سیداں انسپکٹر قیصر محمود ستی پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے تا ہم اس وقت تک ڈاکوموقع سے فرار ہو جانے میں کامیاب ہو چکے تھے۔یاد رہے کہ چند یوم قبل بھی چوکپنڈوری شہر میں ڈکیتی کی واردات میں ایک تاجر سے پانچ لاکھ روپے کی نقدی چھین لی گئی تھی جس کا ابھی تک سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تاجروں نے اظہار تشویش کیا ہے۔
348