دہشتگردی کے پیچھے بھارتی ہاتھ اب ڈھکی چھپی بات نہیں،فیلڈ مارشل

اسلام آباد، کوئٹہ(آن لائن)فیلڈ مارشل سید جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بھارت کی پراکسی جنگ اب ڈھکی چھپی نہیں رہی، یہ ہماری قوم، ترقی اورامن کے خلاف کھلی دہشتگردی ہے، فوج اندرونی اور بیرونی ہردشمن کو کچل دے گی، امن کے دشمنوں کو پاکستان کے اندر کام کرنے کی کوئی جگہ نہیں ملے گی۔

کوئٹہ میں قبائلی عمائدین کے گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ جو بھی دشمن ہماری خود مختاری کو چیلنج کرے گا اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا، قوم اور بہادر بلوچ عوام کی غیر متزلزل حمایت سے پاک فوج اندرونی ہو یا بیرونی ہر دشمن کو کچل دے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بلوچستان میں بھارت کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی اور مداخلت کے واضح ثبوت موجود ہیں، دشمن کے ناپاک عزائم ہر صورت ناکام بنائیں گے ، پاک فوج ہر خطرے سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے ، بلوچستان کے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پاکستان کا مستقبل بلوچستان کے استحکام اور خوشحالی سے جڑا ہے ۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں کام کرنے والی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں کی بہادری کو بھی سراہا اور شہدا کے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں