ددہوچھہ ڈیم میں مذید پانی بھرنے سے بروالہ گاؤں متاثر، ڈیم کا بند پانی میں بہہ گیا

راولپنڈی  ( نمائندہ پنڈی پوسٹ    )نالہ لِنگ میں حالیہ شدید طغیانی کے باعث زیرِ تعمیر ددہوچھہ ڈیم میں اچانک پانی بھر جانے سے قریبی آبادی بروالہ گاؤں کے متعدد گھر اور قبرستان زیرِ آب آ گئے، جبکہ ددہوچھہ سردار مارکیٹ روڈ بھی مکمل طور پر بند ہو گئی۔

ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد نالہ لِنگ میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی، جس کے نتیجے میں ددہوچھہ ڈیم کے اردگرد کے علاقے شدید متاثر ہوئے۔ اگرچہ ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ کر متحرک رہی، تاہم مقامی لوگوں کی پیشگی حفاظتی تیاریوں کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بروالہ کے رہائشی ماسٹر اکرام کیانی نے پنڈی پوسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نالے میں طغیانی کے باعث پہلے تو گاؤں کے کئی گھروں میں پانی داخل ہوا، تاہم چونکہ ڈیم کا بند پہلے سے توڑا جا رہا تھا، اس وجہ سے پانی کی سطح میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے جس سے متاثرہ افراد نے سکھ کا سانس لیا۔

راولپنڈی انتظامیہ نے مقامی لوگوں کے احتجاج اور ممکنہ خطرات کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر بھاری مشینری کے ذریعے ڈیم کے بند کو توڑنے کا کام شروع کر دیا تھا، تاکہ پانی کے بہاؤ کو کم کیا جا سکے۔ اطلاعات کے مطابق ڈیم کا بند شدید پانی کے دباؤ سے بڑی حد تک بہہ چکا ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر ددہوچھہ ڈیم کا منصوبہ کئی سال قبل شروع کیا گیا تھا، جس پر ایف ڈبلیو او نے کافی کام مکمل کر لیا تھا، تاہم حکومت کی جانب سے متاثرین کو تاحال مکمل معاوضہ نہ دیے جانے کی وجہ سے انہیں ان کے گھروں سے منتقل نہیں کیا جا سکا۔ اس باعث مقامی آبادی کو جانی و مالی خطرات لاحق ہو چکے تھے۔

ضلعی انتظامیہ نے متاثرین کی حفاظت کو مدِنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کیے اور ریسکیو ٹیموں کو الرٹ رکھا۔ بند توڑنے کا عمل تاحال جاری ہے تاکہ ممکنہ بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔

مزید تفصیلات اور صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے پنڈی پوسٹ آپ کو باخبر رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں