جہلم(نمائندہ پنڈی پوسٹ)جہلم ناجائز تجاوزات شہر کی پہچان بن گئی، تجاوزات کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا، میونسپل کمیٹی کا شعبہ انکروچمنٹ عملی طور پر غیر فعال، ریڑھی بانوں نے شاندار چوک، چاندنی چوک سمیت اندرون شہر کے بازاروں اور دیگر مقامات پر تجاوزات قائم کرلیں، شہری، سماجی، رفاعی، فلاحی، تنظیموں کے عمائدین کا ڈپٹی کمشنر،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق شہر کے چوک چوراہوں سمیت سڑکوں کے اردگرد قائم نا جائز تجاوزات کیوجہ سے شہریوں کی معاملات زندگی بری طرح متاثر ہورہی ہے، جس کیوجہ سے شہر کی خوبصورتی ماند پڑنے کے ساتھ ساتھ خریداری کے لئے آنے والی خواتین بچوں، معمر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے،شاندار چوک، چاندنی چوک،چوک گنبد والی مسجد، کچہری چوک، محمدی چوک، جادہ چوک، مشین محلہ چوک، تحصیل روڈ، ریلوے روڈ، سول لائن روڈ، روہتاس روڈ چوک سڑک کنارے ریڑھی بانوں کا ہجوم نظرآتا ہے، یاد رہے کہ ناجائز تجاوزات مافیا نے گرین اینڈ کلین پنجاب والے نعرے کو بھی بری طرح متاثر کرتے ہوئے سڑکوں کے اطراف لگائے گئے پودے بھی اکھاڑ دیئے ہیں، قائم ہونے والی ناجائز تجاوزات کیوجہ سے شہر کی خوبصورتی بری طرح متاثر ہورہی ہے، دیکھا جائے تو یوں محسوس ہوتا ہے، کہ جیسے میونسپل کمیٹی سمیت کسی ادارے کا شہر کی سڑکوں، چوک چوراہوں کے ساتھ کوئی تعلق واسطہ نہیں اور نہ ہی کسی سرکاری ادارے کی اس پر توجہ مرکوز ہے، شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی سمیت متعلقہ محکموں نے نوٹس نہ لیا گیا تو قبضہ مافیا مستقل بنیادوں پر پختہ تعمیرات کر کے اپنے آپ کو مالک تصور کریں گے اور انتظامیہ کو پختہ تعمیرات ختم کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
186