راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ 13 جماعتیں الیکشن سے ڈری ہوئی ہیں، یہ جو قدم اٹھاتے ہیں ان کے اپنے گلے پڑ جاتا ہے۔لال حویلی راولپنڈی کے باہر عوام سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ ان کا ایجنڈا یہ ہے کہ انہیں مقبول اور محبوب عمران خان پسند نہیں ہے، ان کی ایک ہی سازش ہے کہ عمران خان کو مائنس کیا جائے، عمران خان کو زہر بھی دیا جا سکتا ہے، سلو پوائزننگ بھی کی جاسکتی ہے۔شیخ رشید نے کہا یہ لوگ سمجھتے تھے شاید ہم ڈر جائیں گے، ہم نسلی ہیں، ہم اصلی ہیں، جس کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، چٹان کی طرح کھڑے ہوتے ہیں، نوازشریف صاحب میں نے لندن میں آپ کے ساتھ والے دفترمیں پریس کانفرنس کی۔انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کل نہیں تو پرسوں آجائے گا، جو قدم اٹھاؤ گے آپ کے گلے پڑے گا، عمران خان مزید مقبول ہو جائے گا، ہم آئین و قانون کے دائرے میں رہنا چاہتے ہیں، عمران خان اگر جیل میں ہوگا تو کسی کا باپ بھی اس کے خلاف جلسہ نہیں کر سکتا۔
80