92

بھکاری مافیا کیخلاف خصوصی سکواڈ تشکیل دینے کا فیصلہ

لاہور (نمائندہ پنڈی پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ایک اور بڑا اقدام کرتے ہوئے بھکاری مافیا کی سرکوبی کیلئے خصوصی سکواڈ تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ خصوصی سکواڈ مرحلہ وار مختلف زونز میں بھکاری مافیا کے خلاف کارروائی کرے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اولڈ ایج ہومز میں مقیم بزرگو ں کے علاج معالجے کیلئے ڈاکٹرز باقاعدہ وزٹ کریں گے۔اولڈ ایج ہومز میں بزرگوں کا باقاعدگی سے چیک اپ کیا جائے گا۔ملتان کے بعد لاہو رمیں بھی خواجہ سراؤں کیلئے کمیونٹی ویلفیئر سینٹر بنایا جائے گا۔خواجہ سراؤں کو معاشرے کا مفید شہری بنائیں گے۔رواں برس گوجرانوالہ، ملتان، پاکپتن اور جھنگ میں بھی پناہ گاہیں فنکشنل ہو جائیں گی۔ اٹک اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دو نئے چلڈرن ہوم بنائے جائیں گے۔منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجے اور بحالی کیلئے نیا سٹیٹ آف دی آرٹ سینٹر بنائیں گے۔بحالی کے بعد منشیات کے عادی افراد کو ٹیکنیکل اور ووکیشنل تربیت دے کر اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سکلز ڈویلپمنٹ کا جامع پروگرام وضع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سماجی بہبود سے متعلق خدمات فراہم کرنے والے ادارو ں کے بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے مہم چلائی جائے اور ان اداروں کی خدمات سے متعلق خصوصی ہیلپ لائن قائم کی جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں محکمہ سماجی بہبود کی کارکردگی اور معاشرے کے کمزور طبقوں کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری سماجی بہبود نے محکمے کی کارکردگی اور مختلف پروگرامز کے بارے میں بریفنگ دی۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر لاہور ڈویژن،سیکرٹری سماجی بہبود، ڈپٹی کمشنر لاہور اور ڈی جی سوشل ویلفیئر نے اجلاس میں شرکت کی۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں