کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کلر سیداں جہانگیر علی گوندل نے قتل کے ایک مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کلیم اقبال ولد سلیم اقبال، ذات بٹ، سکنہ ڈھوک کشمیریاں، تحصیل کلر سیداں، ضلع راولپنڈی کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302(c) کے تحت پچیس سال قیدِ بامشقت کی سزا سنا دی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق یہ مقدمہ ایف آئی آر نمبر 164 مورخہ 8 جون 2019ء تھانہ کلر سیداں میں درج تھا۔ استغاثہ کے مطابق ملزم نے 30 بور پستول سے فائر کر کے یاسر محمود کے سر کے اگلے حصے پر گولی ماری جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ موت کو غیر طبعی قرار دیا گیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید حکم دیا کہ ملزم مقتول کے قانونی ورثا کو پانچ لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرے گا، جیسا کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 544-A کے تحت لازم ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ یہ رقم زرِ زمین محصول کی طرح وصول کی جائے گی۔عدالت نے قرار دیا کہ معاوضے کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو چھ ماہ قیدِ سادہ مزید بھگتنا ہو گی۔
عدالت نے ملزم کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 382-B کے تحت سابقہ حراست کا فائدہ بھی دیا ہے۔فیصلہ سنائے جانے کے بعد عدالت نے ملزم کو وارنٹِ سزا کے تحت سنٹرل جیل راولپنڈی منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔