ایڈیشنل سیشن جج کلر سیداں کا اقدامِ قتل کیس کا فیصلہ، ملزم کو قید و جرمانہ

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) ایڈیشنل سیشنز جج کلر سیداں جہانگیر علی گوندل نے اقدامِ قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم شعیب ریاض ولد محمد ریاض سکنہ کمبلی صادق کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 324، 336 بمعہ 337-R کے تحت پانچ سال قیدِ بامشقت اور دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو چار ماہ قیدِ سادہ مزید بھگتنا ہو گی۔

عدالت نے ملزم کو ایف آئی آر نمبر 164 مورخہ 8 جون 2019ء تھانہ کلر سیداں میں قصوروار ٹھہراتے ہوئے ارش اور دفعہ 323 کے تحت دیت کی ادائیگی کا بھی حکم دیا۔ حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق دیت کی مجموعی رقم 98 لاکھ 28 ہزار 670 روپے مقرر ہے جس کا نصف حصہ 49 لاکھ 14 ہزار 335 روپے بنتا ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ ادائیگی تک ملزم جیل میں رہے گا۔عدالت نے واضح کیا کہ تمام سزائیں بیک وقت چلیں گی جبکہ ملزم کو دفعہ 382-B کے تحت سابقہ حراست کا فائدہ بھی دیا گیا۔ فیصلہ سنائے جانے کے بعد ملزم کو وارنٹِ سزا کے تحت سنٹرل جیل راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔