87

ایم پی اے پر اغوا ء کے ملزمان کی پشت پنائی کا الزام

نوید ملک ‘نمائندہ پنڈی پوسٹ
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ضلعی و تحصیل انتظامیہ کوعلاقوں میں کھلی کچہری کے انعقاد کے احکامات سے دو رس نتائج مرتب ہو ں گے ، اس سلسلے میں گوجرخان میں منعقد کھلی کچہری کے لئے نامناسب جگہ کے انتخاب ، غیر معیاری ساؤنڈ سسٹم ہونے کے باوجود عوام کے لئے کسی نہ کسی حد تک سود مند رہی ، کھلی کچہری میں کمشنر راولپنڈی محمد علی رندھاوا ، اور سی پی او راولپنڈی عباس حسن ، اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان اور دیگر اداروں کے سربراہوں نے شرکت کی ، کھلی کچہری میں آنے والے سائلین کی تمام شکایات کو نہ صرف توجہ سے سنا گیا بلکہ ان کے حل کے لئے فوری اقدامات کی بھرپور یقین دہانی اور بعض کاموں کے لئے فوری احکامات جاری کئے گئے ، سائلین کی زیادہ تر شکایات حسب روایت پولیس کے خلاف ہی نکلیں ، پی ٹی آئی کے منتخب ارکان صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید کوثر پر بھی اغواء کے کیس میں نامزد ملزمان کی پشت پنائی کے الزامات تاہم نمائندہ پنڈی پوسٹ سے اپنی گفتگو میں ایم پی اے چوہدری جاوید کوثر نے کہا کہ مجھ پر ملزمان کی پشت پنائی کا الزام لگانے والا شخص نہ ہی اغواء ہونے والی بچیوں کا باپ اور نہ ہی قریبی عزیز، اغواء ہونے والی بچیوں کا آبائی تعلق اسلام پورہ جبر کے نواحی گاؤں ملک پور سے ہے ہر پلیٹ فارم پر ان کی بھرپور رہنمائی کر رہے ہیں کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے اراضی ریکارڈ سنٹر میں عملہ کی کمی اور نامناسب اقدامات ، ٹراما سنٹر کو افعال کرنا ، نیشنل ہائی وے کی طرف سے شہر میں تیز رفتاری سے زمین کو لیز پر دینے کا معاملات ، کیپٹن سرور شہید نشان حیدر کی یادگار پر لائبریری کے رکے ہوئے فنڈز کی فراہمی 1122 کے لئے گوجرخان میں دفتر کا قیام ، سلاٹر ہاؤس میں سہولتوں کی عدم دستیابی ،شہر میں ناقص انتظامات کی شکایات وصول ہوئیں جبکہ سی پی او راولپنڈی کو تھانہ مندرہ کے اے ایس آئی کا شہری پر بے رحمانہ تشدد گوجرخان میں نئے تھانے کے قیام کے حوالے سے منظوری کے باوجود قیام میں التواء پر اظہار تشویش ، تھانہ گوجرخان میں عرصہ دراز سے تعینات محرر و دیگر پولیس ملازمین کی ٹرانسفر، گاڑیوں کے کاغذات نامکمل ہونے پر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو تھانہ میں بند کرنا اور پیسے لے کر چھوڑنا ، قتل کے متعدد کیسز میں نامزد ملزمان کی تاحال عدم گرفتاری ، اے ایس پی عمر عباس بابر کی گوجرخان میں دوبارہ تعیناتی ، 15 کو افعال کرنا اور شہر میں بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل ، رکشہ اور کم عمر ڈرائیورز کی بھرمار کی شکایات سامنے آئیں۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے تمام سائلین کی شکایت پر متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کرنے اور ان کے حل کے اقدامات اٹھانے کا اعلان کیا انہو ں نے اراضی ریکارڈ سنٹر کے حوالے سے درپیش مشکلات کے حل کے لئے سوموار کو میٹنگ طلب کرنے کے احکامات جاری کئے ، ٹراما سنٹر کو فنکشنل کرنے کے لئے سپیشلسٹ ڈاکٹر ز کی تعیناتی کے لئے پنجاب حکومت سے رجوع کیا جائے گا، کیونکہ سپیشلسٹ ڈاکٹر چھوٹے اسٹیشنز پر تعیناتی کو پسند نہیں کرتے ۔ کیپٹن سرور شہید لائبریر ی کے قیام کیلئے فنڈز کی جلد منظوری و دیگر تمام شکایات کے حل کے لئے احکامات جاری کئے ، ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا حکومت کے اعلان اور اقدامات کے مطابق کام کیا جا رہا ہے عوامی شکایات کے ازالے اور سامنے آنے والے کھلی کچہری کے ذریعے سامنے آنے والے مسائل کے حل کے لئے تمام وسائل برؤے کار لائیں گے۔ سی پی او راولپنڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تھانہ مندرہ کے اے ایس آئی کا شہری پر تشدد کے واقعے پر دو روز میں رپورٹ طلب کی ہے اے ایس آئی پر تشدد کا الزام ثابت ہونے پر وہ اس محکمہ میں نہیں رہے گا پولیس میں کالی بھیڑوں کے لئے کوئی جگہ نہیں۔ پولیس ملازمین اور افسران تشدد کا رویہ ترک کریں اور پولیس دوست پالیسی کو سامنے لائیں ، گاڑیوں کے کاغذات نامکمل ہونے پر ڈرائیور کا تھانہ میں بند کرنا چھوڑ دیں لرننگ لائسنس کے اجراء ، ٹیکسلا اور مری کے بعد گوجرخان میں بھی شروع کیا جائے گا۔ جہاں پر کریکٹر سرٹیفکیٹ کے حصول کی سہولت بھی میسر ہو گی ، خدمت مرکز کا قیام بھی جلد عمل میں لایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پولیس کے اندر کرپٹ عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا بلکہ معطل یاٹرانسفر کی بجائے انہیں اس محکمہ سے نکال دیا جائے گا، تحصیل گوجرخان میں نئے تھانہ کے قیام کے لئے صوبائی حکومت کی طرف سے حدود کا تعین ہونے کا عمل ابھی باقی ہے اس کے بعد محکمہ پولیس نئے تھانے کی عمارت کے لئے فنڈز کی فراہمی و دیگر معاملات کو پورا کرے گی ۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں