اقبال فلائی اوور‘حکومت کا عوام کیلئے شاندار تحفہ

گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے ایک اہم پیش رفت دیکھنے میں آئی، جب ٹی چوک کے مقام پر ایک ارب 40 کروڑ روپے کی لاگت سے محض 77 دنوں میں مکمل ہونے والے اقبال فلائی اوور کا وزیراعظم شہباز شریف نے افتتاح کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ، وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، ایم این اے راجہ خرم نواز، ایم این اے ملک ابرار، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

افتتاح سے قبل وزیراعظم کو ایکسپریس وے اور اقبال فلائی اوور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے منصوبے کی بروقت تکمیل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے شہریوں کو روزانہ درپیش سفری مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی اور جی ٹی روڈ سے منسلک علاقوں سے آنے والی ٹریفک کو سہولت حاصل ہوگی۔ انہوں نے اس قلیل مدت میں منصوبہ مکمل کرنے پر وفاقی وزیر داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے اور پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔

دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے راولپنڈی میں سفری سہولیات کی بہتری کے لیے دن رات کام جاری ہے۔ اربوں روپے کی لاگت سے رنگ روڈ، کچہری چوک اور پشاور روڈ پر انڈر پاسز جیسے بڑے منصوبے زیرِ تعمیر ہیں، جبکہ شہر میں 80 کروڑ روپے کی لاگت سے نئے انڈر پاسز کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ پنجاب ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کے ایگزیکٹو انجینئر رانا قمر ثاقب کے مطابق ریس کورس پارک، آرمی قبرستان اور چیئرنگ کراس پر انڈر پاسز کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز اگلے ماہ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ پشاور روڈ کے اس حصے سے روزانہ تقریباً دو لاکھ پچاس ہزار سے زائد گاڑیاں گزرتی ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے ٹریفک کی روانی بغیر رکاوٹ ممکن ہو سکے گی۔ کچہری چوک پر 14 ارب روپے سے زائد جبکہ تین انڈر پاسز پر 8 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، جبکہ جی پی او چوک کے انڈر پاسز پر 6 ارب روپے پہلے ہی لگائے جا چکے ہیں۔اسی تسلسل میں عمار چوک پر 3 ارب 45 کروڑ روپے کی لاگت سے فلائی اوور کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے جس کا پی سی ون تیار ہو رہا ہے۔

حکام کے مطابق کچہری چوک کی ری ماڈلنگ اور انڈر پاسز کی تکمیل کے بعد کچہری سے موٹروے چوک تک سفر کا دورانیہ صرف 15 سے 20 منٹ رہ جائے گا، جس سے ٹریفک جام کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگا اور مستقبل میں الیکٹرک بسوں کے اجراء میں بھی آسانی پیدا ہوگی۔راولپنڈی شہر میں ایک اور اہم فیصلہ نائنتھ ایونیو چوک پر کرنل شیر خان روڈ پر 80 کروڑ روپے کی لاگت سے نئے انڈر پاس کی تعمیر کا کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے تیار کر کے پنجاب حکومت کو منظوری کے لیے ارسال کر دیا ہے۔

اس مقام پر روزانہ شدید ٹریفک جام معمول بن چکا ہے، خاص طور پر فیض آباد فلائی اوور کے نیچے ٹریفک کی روانی اکثر متاثر رہتی ہے۔ انڈر پاس کی تعمیر سے فیض آباد، ڈبل روڈ اور نائنتھ ایونیو کی جانب جانے والی ٹریفک کو نمایاں سہولت ملے گی اور دونوں شہروں کے درمیان سفر کا وقت کم ہو جائے گا۔ انتظامیہ کے مطابق یہ منصوبہ سگنل فری ٹریفک نظام کی جانب ایک اور اہم قدم ثابت ہوگا۔

راولپنڈی کی تعمیر و ترقی کا کریڈٹ مسلم لیگ ن کی حکومت کو جاتا ہے جس نے بہت تھوڑے عرصہ میں بڑے پراجیکٹس شروع کر کے عوام کے دل جیت لئے اور خاص کر وزیراعلی محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق راولپنڈی آئندہ چند برسوں میں ایک قابل رشک ضلع بنے گا۔

زاہد نقیبی


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.