اسلام آباد(نمائندہ پنڈی پوسٹ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما وسابق وفاقی وزیر فواد حسین چودھری نے کہا ہے کہ ہم اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ بحال کرنا چاہتے ہیں، ہمارا کسی سے کوئی اختلاف نہیں، ہم اداروں کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ چاہتے ہیں۔ نئی سیاسی جماعت بننے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، پنجاب میں اعتماد کے ووٹ کے لیے ہمارے نمبرز پورے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ امپورٹڈ حکمرانوں کے پاس کوئی پلان نہیں ہے، اس ہفتے مہنگائی میں 31 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، مہنگائی میں مزید 3 گنا اضافہ ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی لیڈرشپ کی وجہ سے ملک میں انتشار نہیں پھیلا، عوام اگر لیڈرشپ کے بغیر باہر نکلی تو ملک میں انتشار پھیلنے کا خدشہ لاحق ہے، 22 کروڑ کے ملک کی 66 فیصد آبادی 28 سال سے کم عمر ہے۔ اگر بات ہاتھ سے نکل گئی تو کوئی کنٹرول نہیں کر سکے گا۔ فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ مونس الہی اور ان کے خاندان پر دباؤ بڑھانے کے لیے انہیں حراساں کیا جا رہا ہے، تحریک انصاف اس کی شدید مذمت کرتی ہے۔ موجودہ حکومت کو برقرار رکھنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ کے پاس طاقت کے استعمال کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، لہذا سیاستدانوں کے خلاف بہیمانہ طاقت استعمال کی جار ہی ہے۔ بد قسمتی سے حکومت اور ادارے کئی ماہ سے صرف عمران خان کا سیاسی قد کم کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں۔
101