اسلام آباد ہائی وے پر ون ویلرز کا راج ختم — ایس ایچ او تھانہ کھنہ عامر حیات کی بڑی کارروائی

اسلام آباد:(حماد چوہدری) موت کے سوداگر اور شاہراہوں پر خوف کی علامت بننے والے ون ویلرز بالآخر پولیس کی گرفت میں آ گئے۔ ایس ایچ او تھانہ کھنہ عامر حیات نے اسلام آباد ہائی وے پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد ون ویلرز کو دھر لیا، جو موٹر سائیکلوں پر کرتب دکھا کر نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جان کو بھی خطرے میں ڈال رہے تھے۔

پولیس کے مطابق، یہ ون ویلرز عرصہ دراز سے ہائی وے پر پولیس اہلکاروں کی آنکھوں کے سامنے آ کر غائب ہو جاتے تھے۔ موٹر سائیکلوں پر “الٹر” سائلنسر، خطرناک اسپیڈ اور کرتب بازی کرنے والے یہ افراد عوام کے لیے شدید پریشانی کا باعث بنے ہوئے تھے۔ کارروائی کے دوران متعدد موٹر سائیکلیں بھی ضبط کر لی گئیں، جن میں ہائی وے پر شور و غل مچانے والے بائک بھی شامل ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ وہی بائیکرز ہیں جو اچانک “بڑاں بڑاں” کی آواز کے ساتھ آپ کے قریب سے گزرتے ہیں اور پلک جھپکتے میں نظروں سے اوجھل ہو جاتے ہیں، مگر اس بار ان کا “شاہکار” پکڑا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضبط شدہ موٹر سائیکلوں کو اصل حالت میں واپس کیا جائے گا، تاہم خطرناک سائلنسر اور غیر قانونی تبدیلیاں ختم کر دی جائیں گی تاکہ شاہراہوں پر سکون بحال کیا جا سکے۔ عوام نے پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے بائیکرز کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے تاکہ شہری پرسکون ماحول میں سفر کر سکیں۔