اسلام آباد/راولپنڈی: 19 سالہ لڑکی مبینہ طور پر اپنی سہیلی کے ہاتھوں اغواء

اسلام آباد،راولپنڈی کے تھانہ روات کی حدود میں لڑکی کے اغواء کی انوکھی واردات، 19 سالہ لڑکی حنا اشفاق کو اس کی سہیلی نبیلہ نے مبینہ طور پر اغواء کیا

اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن ون میں واقع اے بی گیسٹ ہاؤس میں مبینہ طور پر دونوں لڑکیوں نے چار روز تک قیام کیا۔ 21 جنوری بروز بدھ دن تقریباً دو بجے روات پولیس نے اے بی گیسٹ ہاؤس واقع جی نائن ون اسلام آباد پر چھاپہ مارا ۔

تاہم پولیس چھاپے سے چند گھنٹے قبل ہی تقریباً صبح سات بجے دونوں لڑکیاں چند نامعلوم افراد کے ہمراہ لیہ فرار ہوگئی تھیں۔ پولیس نے گیسٹ ہاؤس پر چھاپے کے دوران گیسٹ ہاؤس کے ایک ملازم کو بھی حراست میں لے لیا جو پل پل کی خبریں اور تصاویر مبینہ طور پر ملزمان کو وٹس ایپ کر رہا تھا۔ بعد ازاں پولیس مغویہ کی بازیابی کے لئے لیہ روانہ ہوگئی۔

جہاں چھاپے کے دوران مغویہ کو بازیاب کرکے پولیس بدھ اور جمعرات 21 اور 22 جنوری کی درمیانی شب واپس روات چوکی پہنچی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بازیابی کے بعد لڑکی والدین کے ساتھ جانے سے انکار کرتے ہوئے واپس اپنی سہیلی کے پاس جانے کی ضد کرتی رہی۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.