مظفرآباد: اساتذہ کی جانب سے اپ گریڈیشن کے مطالبے نے شدت اختیار کر لی ہے۔ اساتذہ نے حکومت کو 14 جولائی تک کی مہلت دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو ایک جاندار اور مؤثر تحریک شروع کی جائے گی۔
اساتذہ تنظیموں کا کہنا ہے کہ 2009 کی تعلیمی پالیسی میں واضح طور پر اساتذہ کے اسکیل اپ گریڈ کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، مگر آج تک اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ ہر سال بجٹ میں اعلان ہوتا ہے کہ اساتذہ کے اسکیل پنجاب کی طرز پر اپ گریڈ کیے جائیں گے مگر یہ محض وعدہ ہی رہ جاتا ہے۔
مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ تعلیمی بجٹ میں اضافہ ہونے کے باوجود اساتذہ کے مسائل حل نہیں کیے گئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اساتذہ کا صبر لبریز ہو چکا ہے اور اگر حکومت نے سنجیدگی نہ دکھائی تو چودہ جولائی سے بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی جس کا دائرہ کار پورے آزاد کشمیر تک بڑھایا جائے گا۔