اسلام آباد(اویس الحق سے)وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم اپنے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، 21 برس بعد اردن کے کسی سربراہ کا یہ پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
اسلام آباد میں نور خان ایئربیس پہنچنے پر ہوائی اڈے پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور وزیرِ مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے شاہ عبداللہ دوم اور ان کے اعلی سطح وفد کا استقبال کیا۔
اردن کے شاہ عبدالّلہ دوم کے طیارے کی پاکستانی فضائی حدود میں آمد پر پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے شاہی طیارے کو اسلام آباد تک حفاظتی حصار فراہم کیا۔ 21 برس بعد اردن کے کسی فرمانروا کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔
شاہ عبداللہ دوم کا دورہ پاکستان، اردن اور پاکستان کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کی مزید مضبوطی کا باعث ہوگا۔
شاہ عبداللہ دوم وہاں سے وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں مسلح افواج کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا،
وزیرِاعظم ہاؤس میں شاہ عبداللہ دوم کی وزیرِاعظم شہباز شریف کے ساتھ دو طرفہ ملاقات ہوگی اور وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوگی۔
شاہ عبداللہ دوم کا یہ دورہ، پاکستان اور اردن کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔