سابق ڈائریکٹر جنرل انجینئرنگ پی ٹی وی، سابق جنرل منیجر پی ٹی وی، سابق چیف انجینئر مدینہ منورہ، سابق چیف انجینئر مکہ معظمہ، وزارتِ اطلاعات مملکتِ سعودی عرب اور سجادہ نشین درگاہِ عالیہ حضرت سید شاہ قبولِ اولیاءؒ، انجینئر مجاہد بن سید گیلانی سے معروف مصنف، صحافی و کالم نگار شہزاد حسین بھٹی اور نامور ادیب، صحافی، شاعر و کالم نگار اقبال زرقاش نے آستانہ عالیہ حضرت شاہ قبولِ اولیاءؒ میں خصوصی ملاقات کی۔





اس موقع پر شہزاد حسین بھٹی نے نامور سفرنامہ نگار راجا مختار احمد سگھروی کی شہرہ آفاق تصنیف “اسفارِ مقدس” پیش کی، جسے انجینئر مجاہد بن سید گیلانی نے بےحد پسند کیا اور اسے سفرنامہ نگاری کے ذخیرے میں ایک عمدہ اور وقیع اضافہ قرار دیا۔
انجینئر مجاہد بن سید گیلانی نے کہا کہ “اسفارِ مقدس” نہ صرف دینی و روحانی سفر کا حسین عکس ہے بلکہ یہ قاری کے لیے علم و آگہی کی نئی جہتیں بھی روشن کرتی ہے۔ انہوں نے راجا مختار احمد سگھروی کی اس کاوش کو ادبی و علمی حلقوں کے لیے قیمتی تحفہ قرار دیا۔
اسی نشست میں انجینئر مجاہد بن سید گیلانی نے اپنی معروف تصنیف “مینارِ تصوف” صحافی شہزاد حسین بھٹی کو پیش کی۔ ان کی یہ تصانیف تصوف اور روحانیت کے باب میں ایک گراں قدر اضافہ ہیں اور اہلِ فکر و تحقیق کے لیے قیمتی سرمایہ تصور کی جاتی ہیں۔