شیخ جبار‘ نمائندہ پنڈی پوسٹ
یونین کونسل اسلام پورہ کا شمار تحصیل گوجرخان کی اہم یونین کونسلز میں کیا جاتا ہے، یونین کونسل اسلام پورہ کی اپنی قریبی چار یونین کونسلز کا مرکز اور بڑا شہر ہونے کی وجہ سے خاص اہمیت کی حامل ہے۔ لیکن انتظامی اور سیاسی نااہلیت کی وجہ سے بیس سال سے اپنی شناخت اور مسائل کا شکار تھی، دو مرتبہ یونین کونسل کو توڑ کر دیگر یونین کونسلز میں ضم کردیا گیا تھا پھر 2015 میں اہلیان علاقہ کی متفقہ اور بھرپور جدو جہد کے باعث ایک مرتبہ پھر اسلام پورہ کو یونین کونسل کا درجہ مل گیا۔ 2015 میں یونین کونسل کو شناخت تو مل گئی مگر مسائل ابھی تک جوں کیتوں ہیں اور روز بروز اضافہ ہورہا ہے جس میں سرفہرست مسئلہ صحت ہے۔ صوبہ پنجاب کی ہر یونین کونسل میں بی ایچ یو کی سہولت موجود ہے مگر اسلام پورہ میں بی ایچ یو کی سہولت موجود نہیں، ڈسپنسری میں ادویات اور سٹاف کی قلت ہی رہتی ہے، معمولی بیماریوں کے لئے بھی لمبا سفر کرکے گوجرخان جانا پڑتا ہے،واٹر سپلائی ٹینکی اور لائنیں ہونے کے باوجود عرصہ دراز سے غیر فعال ہے اور عوام کو پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں جسکی وجہ سے اہل علاقہ ہیپاٹائٹس اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ صفائی کی صورت حال بہت ناگفتہ بہ ہے جگہ جگہ دکانداروں نے کوڑے کے ڈھیر بنارکھے ہیں۔ ٹریفک جام ناسور کی شکل اختیار کرچکا ہے اور تجاوزات کرنا تو دکاندار حضرات اور ریڑھی والوں نے اپنا پیدائشی حق سمجھا ہوا ہے، اور سینکڑوں بار اس مسئلہ کی نشان دہی کے باوجود یہ گھبیر مسئلہ حل نہ ہوسکا، اسی طرح تعلیمی لحاظ سے بھی اسلام پورہ یونین کونسل بہت پیچھے ہے، آبادی میں اضافے کے باوجود سرکاری سکولوں کی تعداد بڑھنے کی بجائے کم کی جاچکی ہے، بچوں اور بچیوں کے لئے گورنمنٹ کالج کی اشد ضرورت ہے، کثیر آبادی والے گاؤں میں موجود گورنمنٹ گرلز سکول رتالہ اور گورنمنٹ گرلز سکول موہڑہ بھٹیاں کو اپ گریڈ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ یوسی کے تمام سکولز میں سٹاف کی شدید کمی کے باعث طلبہ و طالبات کی پڑھائی کا حرج ہو رہا ہے۔اسلام پورہ سے دیگر علاقوں میں جانے والی تمام چھوٹی بڑی سڑکیں شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور بعض سڑکیں جیسے اسلام پورہ سے رتالہ اور اسلام پورہ سے سموٹ روڈ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہیں اور صرف کھنڈرات کی شکل میں آثار باقی ہیں۔ یو سی اسلام پورہ کا بیشتر علاقہ زراعت پیشہ ہونے کیں وجہ سے لائیو سٹاک میں اہم کردار ادا کر رہا ہے مگر مویشی پال لوگوں کیلئے ویٹنری ہسپتال عرصہ دراز سے بند پڑا ہے اور ہسپتال کی بلڈنگ بھوت بنگلے کا منظر پیش کر رہی ہے۔
93