ہائیکورٹ کا عمران خان کو علاج کے لیے جیل سے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر نوٹس جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو علاج کے لیے جیل سے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے عمران خان کی درخواست پر اعتراضات دور کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو نمبر لگانے اور نوٹس جاری کر کے کیس دس مارچ کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی


اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو پر مشتمل ڈویژن بنچ نے عمران خان کی توشہ خانہ فوجداری کیس میں سزا کے خلاف اپیل میں متفرق درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کی اور دوران سماعت اعتراضات دور کر دیے۔

عدالت نے کہا مرکزی اپیل کیوں نہ سنی جائے؟ سردار لطیف کھوسہ نے کہا عمران خان کی صحت کا بھی معاملہ ہے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا ہم اپیل اور آپ کی درخواست دونوں سُن لیتے ہیں، ہم آپکی اپیل پر فیصلہ کریں گے۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے کہا 2023 کی اپیلیں ہیں لیکن پیپر بک تیار نہیں۔

سردار لطیف کھوسہ نے استدعا کی کہ عمران خان کی جیل سے ہسپتال منتقلی کی درخواست پر تاخیر مت ہونے دیں وہ کل ہی لگا لیں اور عمران خان سے ملاقات کرانے کا آرڈر بھی جاری کیا جائے۔ جسٹس ارباب طاہر نے کہا آپ نے یہ استدعا اپنی متفرق درخواست میں کی ہے، ہم نے آپکی متفرق درخواست پر نوٹس جاری کر دیا ہے۔ پیپر بک تیار ہونے میں دو تین دن لگ جائیں گے، مرکزی اپیل آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کر رہے ہیں، آئندہ سماعت پر تیاری کے ساتھ آئیں


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.