گوہر آباد: فجر کے وقت بادل پھٹنے کا واقعہ، شدید تباہی، ریسکیو ٹیمیں غائب

گوہر آباد (نمائندہ خصوصی) آج صبح فجر کے وقت گوہر آباد میں بادل پھٹنے (Cloud Burst) کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں علاقے میں شدید تباہی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق، بادل پھٹنے کے بعد شدید طغیانی آئی جس سے چار گاڑیوں کو نقصان پہنچا، جبکہ چار مکانات میں پانی کا ریلہ داخل ہونے سے گھریلو سامان مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ اس کے علاوہ چودہ مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے اور چھ دکانوں کا سامان بھی مکمل تباہ ہوگیا ہے۔

طغیانی کی زد میں آ کر ایک پن چکی، تین گائے، اور ایک ہنڈا موٹر سائیکل بھی بہہ گئے ہیں جبکہ روڈ انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، جس کے باعث آمدورفت معطل ہو گئی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او سٹی اور ایس ڈی او شاہرات موقع پر پہنچ گئے ہیں تاہم متاثرہ علاقے میں تاحال کوئی ریسکیو ٹیم یا ضلعی انتظامیہ نہیں پہنچی۔ مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیوں اور جان بچانے میں مصروف ہیں۔

عوام علاقہ نے ضلعی انتظامیہ اور حکومت سے فوری ریسکیو آپریشن شروع کرنے اور متاثرین کی بحالی کیلئے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں