پشاور (حذیفہ اشرف) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو ایک خط لکھ کر صوبے میں گندم کی ترسیل پر عائد پابندی کے خاتمے کے لیے فوری مداخلت کی درخواست کی ہے۔گورنر ہاؤس پشاور سے جاری مراسلے کے مطابق فیصل کریم کنڈی نے اپنے خط میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا ایک گندم کی قلت کا شکار صوبہ ہے، جو اپنی غذائی ضروریات کے لیے بڑی حد تک بین الصوبائی ترسیل پر انحصار کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر صوبوں سے گندم کی نقل و حمل پر پابندی آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 151 کی خلاف ورزی ہے، جو صوبوں کے درمیان تجارت، کاروبار اور آمدورفت کی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔
گورنر نے اپنے خط میں واضح کیا کہ اس قسم کی پابندیاں گندم کی مصنوعی قلت، قیمتوں میں اضافے اور عوامی مشکلات کا باعث بن سکتی ہیں، جس سے معاشرتی عدم استحکام اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ ان پابندیوں کے باعث غیر قانونی ذرائع سے گندم کی اسمگلنگ میں اضافہ ہورہا ہے، جو منڈی میں سپلائی میں بگاڑ اور آٹے کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ کا سبب بن رہا ہے، جس کا بوجھ براہِ راست عام عوام پر پڑ رہا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں فوری مداخلت کریں اور متعلقہ حکام کو ہدایت دیں کہ بین الصوبائی گندم کی نقل و حرکت پر عائد تمام غیر آئینی پابندیاں ختم کی جائیں تاکہ خیبر پختونخوا کو گندم کی بلا تعطل فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔گورنر نے اپنے خط کے اختتام پر یقین ظاہر کیا کہ وزیراعظم کی قیادت میں خیبر پختونخوا کے عوام کے آئینی حقوق اور غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا