گوجرخان(عبدالستارنیازی‘نمائندہ پنڈی پوسٹ) اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان کی زیرنگرانی ریونیو کھلی کچہری کا انعقاد، عوام کی شکایات سُن کر ازالے کے احکامات جاری کئے گئے، تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایت پر ماہوار ریونیو کھلی کچہری کا انعقاد اسسٹنٹ کمشنر آفس میں کیا گیا، کھلی کچہری میں تحصیلدار، نائب تحصیلدار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ، پٹواری، گرداور، اراضی ریکارڈ سنٹر عملہ موقع پر موجود تھا، سائلین کی بڑی تعداد نے ریونیو کے متعلق شکایات اور مسائل سے اسسٹنٹ کمشنر کو آگاہ کیا،اسسٹنٹ کمشنر غلام سرور نے فرداً فرداً سب کی درخواستوں کو سُنا اور شکایات کے حل کیلیے احکامات جاری کئے، اسسٹنٹ کمشنر کا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ حکومت کی ہدایت پر ہر ماہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد عوام کے ریونیو سے متعلق مسائل کو حل کرنا ہے، دیہی مراکز مال کے قیام سے بھی ریونیو کے مسائل میں کمی واقع ہو گی، اسسٹنٹ کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ ریونیو کے علاوہ دیگر مسائل کیلیے سائلین کھلی کچہری کے دن کے علاوہ میرے دفتر آئیں تاکہ ان کے مسائل کے حل کیلیے اقدامات ہو سکیں۔