گوجرخان (نمائندہ پنڈی پوسٹ) گوجرخان شہر میں افسوسناک واقعہ، محلے کی لڑکیوں سے ملنے جانے والے عاشق کو جب منع کیا گیا تو اس نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے کباڑ خانے کو آگ لگا دی۔ واقعے کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، محلہ میں واقع ایک کباڑ خانے کی چھت کو ملزم لڑکیوں سے ملاقات کے لیے استعمال کرتا تھا۔ کباڑ خانے کے مالک نے جب اس غیر اخلاقی حرکت سے منع کیا تو ملزم طیش میں آ گیا۔ چند دن بعد، رات کی تاریکی میں ملزم نے کباڑ خانے میں موجود سامان کو آگ لگا دی جس سے آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا۔
آگ بجھانے کے لیے اہلِ محلہ نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں جبکہ فائر بریگیڈ کو بھی اطلاع دی گئی، مگر جب تک آگ پر قابو پایا جاتا، کباڑ خانے کا بیشتر سامان جل چکا تھا۔ ابتدائی اندازے کے مطابق آگ سے لاکھوں روپے کا مالی نقصان ہوا ہے۔متاثرہ شخص کی جانب سے تھانہ گوجرخان میں دی گئی درخواست پر پولیس نے ملزم کے خلاف آتش زنی، مجرمانہ نقصان اور امن عامہ میں خلل ڈالنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔