گوجرخان شہر کے مسائل انتظامیہ کیلئے چیلنج بن گئے

گوجرخان (نمائندہ پنڈی پوسٹ)گوجرخان، شہر اس وقت مسائل کے انبار تلے دبا ہوا ہے جہاں پانی کی قلت، تجاوزات کی بھرمار، صفائی ستھرائی کا ناقص نظام اور خراب اسٹریٹ لائٹس شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنے ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق شہری آبادی میں پانی کا بحران سنگین شکل اختیار کر چکا ہے۔ کئی کئی روز تک پانی میسر نہیں ہوتا، جس کے باعث شہری سخت ذہنی و جسمانی اذیت سے دوچار ہیں۔ دوسری جانب بازاروں میں تجاوزات کی بھرمار نے راہگیروں اور خریداروں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔

بلدیہ کا عملہ تجاوزات مافیا کے سامنے بے بس دکھائی دیتا ہے یا پھر مفادات کی دیوار نے ان کے ہاتھ باندھ رکھے ہیں۔صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات نے بھی شہریوں کو مشکلات میں ڈال رکھا ہے۔نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث ذرا سی بارش سے شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی ہیں اور بارش کا پانی دکانوں اور گھروں میں داخل ہو جاتا ہے۔ اسٹریٹ لائٹس کی خرابی سے رات کے وقت اندھیرا چھا جاتا ہے

جس سے جرائم اور حادثات کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔شہریوں نے منتخب عوامی نمائندوں، بلدیہ اور انتظامیہ کی عدم دلچسپی پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ نام نہاد شہری تنظیمیں بھی صرف فوٹو سیشن تک محدود ہیں جبکہ عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آتے۔تاجر برادری اور شہری مکینوں کا کہنا ہے کہ روز بروز بڑھتے مسائل ان کی زندگیوں کو اجیرن بنا رہے ہیں۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور مسائل کے حل کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ گوجرخان کے باسی سکون کا سانس لے سکیں۔