گورنمنٹ ہائی اسکول کلرسیداں میں انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان کے دوران 24 نومبر 2025 کو معمول کی مانیٹرنگ کے دوران ایک امیدوار (رول نمبر 808966) سے موبائل فون برآمد ہوا، جو تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے جاری کردہ امتحانی ضابطوں کی خلاف ورزی ہے۔
موقع کی نشاندہی پر موبائل انسپکٹر پروفیسر محمد شمیم احمد نے امتحانی سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور تمام نگران عملے کی موجودگی میں واقعے کی تحریری دستاویزات مکمل کیں۔ موبائل فون ضبط کر کے باقاعدہ انٹری رجسٹر میں درج کیا گیا اور سرکاری تحویل میں منتقل کر دیا گیا۔
تمام ریکارڈ، بیانات اور شواہد فی الفور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کو ارسال کر دیے گئے ہیں، جہاں معاملہ ضابطہ جاتی کارروائی کے لیے پیش ہو چکا ہے۔
بورڈ حکام کے مطابق امتحانی شفافیت، نظم و ضبط اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
کنٹرولر امتحانات پروفیسر تنویر اصغر اعوان نے رابطے پر مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ امتحانی عمل کی شفافیت ہر حال میں برقرار رکھی جائے گی، اور بوٹی مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
مقامی تعلیمی حلقوں نے امتحانی مرکز کے مؤثر نظم و نسق، اور خصوصاً پروفیسر محمد شمیم احمد کی بروقت، غیر جانبدار اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے امتحانی نظام پر عوامی اعتماد کو مستحکم بنانے والا قدم قرار دیا ہے۔