149

کلر سیداں:بھتیجوں نے پھوپھی کی زندگی اجیرن بنا دی

کلر سیداں ( پنڈی پوسٹ نیوز) مسماۃ افتخار بی بی دختر راجہ سنگر خان سکنہ سموٹ مرزیاں تھانہ کلر سیداں نے سی پی او راولپنڈی کو تحریری درخواست میں بیان کیا ہے کہ میں غیر شادی شدہ اور اکیلی عورت ہوں اور میری عمر 55 برس ہے۔میرا ساتھ دینے والا کوئی نہیں۔اس سے قبل دو مرتبہ سی پی او کے دفتر میں بھی درخواست دے چکی ہوں مگر میری کوئی داد رسی نہ ہو سکی۔مجھے میرے ہی بھتیجے اپنی طاقت کے بل بوتے پر آئے دن ہراساں کرتے آ رہے ہیں اور میری ذاتی جائیداد پر قابض ہونے کی کوشش کر رہے ہیں اور کافی رقبہ ان کے قبضہ میں بھی ہے۔ایک سابق پٹواری نے اپنا ذاتی گھر بھی تعمیر کر لیاہے جس نے چار دیواری تعمیر کر کے اس میں میری جائیداد اور سرکاری راستہ بھی شامل کر لیا ہے اور مجھے خاموش رہنے کو کہا جاتا ہے۔سی پی او کے آفس میں درخواست دینے کے بعد مجھے تھانہ کلر سیداں بلوایا گیا اور جب میں تھانے میں گئی تو وہاں موجود سب انسپکٹر ملک محمد فیاض نے مجھے یہ کہہ کر واپس بھیج دیا کہ آج کوئی بھی سینئر آفیسر موجود نہیں جو آپ کا فیصلہ کرے،میں متعدد بار تھانے کا چکر لگا چکی ہوں مگر مجھے انصاف نہ مل سکا۔میں اکیلی اور کمزورعورت ہوں جو اپنے ہی بھتیجوں کے ہاتھوں ظلم کا شکار ہوں۔ایک سابق پٹواری اور اس کے دو بھائی مجھے ہراساں کرتے ہیں اور میری جائیداد پر قابض ہیں۔میں نے اپنے گھر میں ذاتی ضرورت کے تحت ایک عدد کمرہ تعمیر کروایا تھا لیکن کام کرنے والے مزدوروں کو ڈرا دھمکا کر روک دیا گیا۔کمرے کی دیواریں تو بن گئیں مگر گاؤں اور آس پاس کا کوئی بھی مستری ان کے اثر رسوخ اور خوف کی وجہ سے اب میرے کمرے کی چھت ڈالنے کو تیار نہیں۔انہوں نے سی پی او راولپنڈی سے صورتحال کا سختی سے نوٹس لینے اور ذمہ دران کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں