کلر سیداں: پھلینہ ڈیم میں نوجوان ڈوب گیا، تلاش کا عمل تاحال جاری


کلر سیداں کے علاقے پھلینہ ڈیم میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ڈھوک جلال دین داخلی، گاؤں بابا حسین، تھانہ مندرہ، تحصیل گوجر خان سے تعلق رکھنے والا 19 سالہ نوجوان محمد راحیل ولد محمد وحید ڈیم کے پانی میں ڈوب گیا۔
ذرائع کے مطابق نوجوان نہاتے ہوئے گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوب گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کلر سیداں کی ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں اور غوطہ خوروں کی مدد سے تلاش کا عمل شروع کیا گیا۔
ریسکیو اہلکاروں اور غوطہ خور ٹیموں نے اندھیرے تک مسلسل کوششیں جاری رکھیں، تاہم ڈوبنے والے نوجوان کی نعش کا سراغ نہ مل سکا۔ رات کے اندھیرے اور محدود وسائل کے باعث سرچ آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق تلاش کا عمل آج صبح دوبارہ شروع کیا جائے گا اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد ہی نعش کو تلاش کر لیا جائے گا۔
اہل علاقہ میں واقعہ کے بعد شدید غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ نوجوان کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔