چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پہلے ہی کسی کو میرا پنجاب آنا ہضم نہیں ہوتا،سندھ میں ان کو اپنا گورنر لگانے کی دعوت دیتا ہوں، ایک پارلیمنٹ سے دو ترامیم کافی ہیں،مزید کی گنجائش نہیں، آئین ایسی دستاویز نہیں جسے بار بار تبدیل کیا جائے ، جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کیلئے اتفاق رائے ہے پہلے اس پر عمل کریں پھر آگے چلیں ،زیادہ صوبے بنانے کی بات کرکے پہلے کے اتفاق رائے کو خراب کرنا ہے ،پچھلی حکومتیں ڈنڈے کے زور پر معیشت کو چلانا چاہتی تھیں، ملکی معیشت ڈنڈے کے زور پر نہیں پیار سے چل سکتی ،فخر ہے چین جیسے ممالک ہمارے ساتھ کام کر رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو،فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے لاہور آفس میں صنعتکاروں اور تاجر برادری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔