مظفرآباد(پنڈی پوسٹ)آزاد جموں و کشمیر کی عدالت عظمیٰ کے قائمقام چیف جسٹس راجہ سعید اکرم نے آزاد جموں و کشمیر کے چیف جسٹس کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے ایوان صدر مظفرآباد میں جسٹس راجہ سعید اکرم سے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان، کابینہ کے اراکین، ممبران قانون ساز اسمبلی، قائمقام چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ، سابق چیف جسٹس چوہدری ابراہیم ضیاء، وائس چیئرمین بار کونسل کے علاوہ ڈپٹی اٹارنی جنرل پاکستان راجہ خالد محمود، ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے سینئر وکلا اور عدالتی آفیسران نے شرکت کی۔ چیف جسٹس راجہ سعید اکرم 10 مارچ 1962 میں لالہ موسیٰ میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم لالہ موسیٰ میں حاصل کرنے کے بعد پنجاب یونیورسٹی سے گریجویشن اور ایل ایل بی کی۔ انہوں نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور بعد ازاں جج اسلام آباد ہائی کورٹ، اسپیشل پراسیکیوٹر اینٹی نارکوٹیکس فورس اور حکومت پنجاب کے سپیشل پبلک پراسکیوٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ جناب جسٹس راجہ سعید اکرم 2010 میں چیئرمین احتساب بیورو آزاد کشمیر تعینات ہوئے اور 2011 میں آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ کے جج تعینات ہوئے۔