چکار (نامہ نگار) حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث چکار کے نواحی علاقے بٹنگی میں افسوسناک لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ٹھیکیدار محمد فاروق کا رہائشی مکان لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کا یہ واقعہ گزشتہ روز دن کے وقت پیش آیا۔ خوش قسمتی سے واقعے کے وقت گھر میں موجود تمام افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار محمد فاروق کے زرعی رقبے میں بھی بڑی دراڑیں پڑ چکی ہیں جس کے باعث مزید لینڈ سلائیڈنگ اور بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
عوامی حلقوں نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی جہلم ویلی سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ فیملی کی فوری بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور نقصانات کا تخمینہ مرتب کرکے متاثرین کو معاوضہ جات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنی زندگی کا نظام بحال کر سکیں۔