چوک پنڈوری (نمائندہ پنڈی پوسٹ) گھنگوٹھی کے علاقے میں واقع محمد امتیاز کے گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے سے گھر کا تمام سامان جل کر خاکستر ہو گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ریسکیو 1122 کی ٹیم کو اطلاع ملنے پر فوری طور پر موقع پر پہنچ کر کارروائی کی گئی اور آگ پر قابو پایا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، تاہم حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ محلے کے افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت بھی امدادی کارروائیاں کیں، لیکن آگ نے لمحوں میں پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا۔ محمد امتیاز کے مطابق ان کا تمام قیمتی سامان، کپڑے، فرنیچر، برتن اور دیگر گھریلو اشیاء مکمل طور پر جل چکی ہیں، جس سے انہیں شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔متاثرہ خاندان نے حکومت اور مخیر حضرات سے فوری امداد کی اپیل کی ہے۔