158

پنجاب میں 9ماڈل زرعی سنٹرزکے قیام کا اصولی فیصلہ

راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ماڈل زرعی سنٹرز کے قیام کے امور کا جائزہ لیا گیا اورپنجاب میں 9ماڈل زرعی سنٹرزکے قیام کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ماڈل زرعی سنٹرزکے قیام سے متعلق حتمی پلان طلب کر لیا۔ ڈویژنل سطح پر ماڈل زرعی سنٹرز میں کاشتکاروں کو تمام سہولتیں ایک چھت تلے میسر ہوں گی۔ ماڈل زرعی سنٹرز میں کسان کو بیج، کھاد، پیسٹی سائیڈ، زرعی مشینری و آلات فراہم کیے جائیں گے۔ پھل و سبزیاں اور دیگر اجناس کی مارکیٹنگ اور سٹوریج کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔ ڈویژن کے بعد اضلاع میں بھی مرحلہ وار پروگرام کے تحت ماڈل زرعی سنٹرز قائم کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ کاشتکار وں کوتمام تر سہولتیں ایک چھت تلے فراہم کرنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جائے اور زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ اجلاس کے شرکاء کو اوکاڑہ کے نواحی گاؤں میں قائم ماڈل زرعی سنٹر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر صنعت وزراعت ایس ایم تنویر، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری زراعت اور زرعی ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں