لاہور (پنڈی پوسٹ نیوز)حکومتِ پنجاب نے پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025ء میں مقامی حکومتوں کے اختیارات اور ذمہ داریوں کا فریم ورک جاری کر دیا ۔ بل میں یونین کونسلوں کو عوامی تنازعات کے مقامی اور فوری حل کیلئے بااختیار بناتے ہوئے بلدیاتی اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔بل کے مطابق یونین کونسلیں کم مجرمانہ نوعیت کے تنازعات فریقین کی رضامندی سے حل کر سکیں گی جبکہ تصفیے کو باضابطہ طور پر ریکارڈ پر لانے اور عدالت کی منظوری سے نافذ کرنے کا طریقہ کار بھی وضع کر دیا گیا ۔ کسی غیر قابلِ مصالحت جرم میں مداخلت یونین کونسل کے دائرہ اختیار سے باہر ہوگی تاہم عدالت باہمی رضامندی سے تنازعات یونین کونسل کو بھیج سکے گی۔
تنازعات کے حل کیلئے ہر یونین کونسل میں ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس کے ارکان کی تعداد کم از کم 5اور زیادہ سے زیادہ 9ہوگی۔ اگر مقررہ مدت میں تنازع حل نہ ہو سکے تو یونین کونسل عدالت کو آگاہ کرے گی جبکہ پولیس اسٹیشن کا انچارج بھی قابلِ مصالحت معاملات یونین کونسل کو بھیج سکے گا۔بل کے تحت یونین کونسلوں کو پیدائش، اموات، شادی اور طلاق کے اندراج، جائیداد و اثاثوں کے انتظام، فنڈز کے استعمال اور بجٹ کی تیاری کا اختیار حاصل ہوگا۔ یونین کونسل ٹیکس، فیس، چارجز، کرایہ اور جرمانے عائد کرنے اور وصول کرنے کی مجاز ہوگی۔ اپنے علاقے میں پانی، سیوریج، سڑکوں، روشنیوں اور تجاوزات سے متعلق مسائل کی نشاندہی اور حل کے اقدامات بھی اسکی ذمہ داری قرار دی گئی ہے ۔بل کا مقصد عوامی نوعیت کے معاملات کیلئے فوری، مؤثر اور مقامی سطح پر انصاف و سہولت فراہم کرنے والا نظام قائم کرنا ہے تاکہ شہریوں کو تھانوں اور عدالتوں کے چکر نہ کاٹنے پڑیں۔
دوسری جانب بل میں ٹاؤن کارپوریشن، میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹی اور تحصیل کونسل کے فرائض اور مالیاتی اختیارات کا بھی تعین کیا گیا ہے ۔ شہری سہولیات، ترقیاتی منصوبوں، صفائی، ٹرانسپورٹ اور بلدیاتی سروسز کی فراہمی ٹاؤن کارپوریشن کے دائرہ اختیار میں ہوگی۔ٹاؤن کارپوریشن کو ٹیکس، فیس، ٹول، چارجز، کرایہ اور جرمانے عائد و وصول کرنے ، بجٹ کی تیاری و منظوری اور ماسٹر پلان، زوننگ و زمین کے استعمال کے منصوبے نافذ کرنے کے اختیارات دئیے گئے ہیں۔ پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے ذریعے مویشی منڈیوں کے قیام اور انتظام کی منظوری ٹاؤن کارپوریشن دے گی جبکہ کمپنی کی آمدنی کا پچاس فیصد حصہ متعلقہ ٹاؤن کارپوریشن کو منتقل کیا جائے گا۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 گورنر پنجاب کو منظوری کے لئے بھجوا دیا گیا ہے اور گورنر کی منظوری کے بعد پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔