واہ کینٹ۔ پاکستان یوتھ لیگ والنٹیئر فورم کے زیر اہتمام سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات کا انعقاد کیا گیا جس میں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں میں اعزازات تقسیم کیے گئے، تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقرہب کے مہمانان خصوصی APNEC کے چیئرمین محمد صدیق انظر اور سابق وائس پریزیڈنٹ کنٹونمنٹ بورڈ واہ ملک ارشد محمود تھے جبکہ سینٹ پال سکول کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شفقت حیات اور راجہ حبیب بطور مہمانان اعزاز شریک ہوئے۔
مہمان خصوصی APNEC کے چیئرمین و معروف صحافی محمد صدیق انظر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت کے لیے استعمال کریں، انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی کارکردگی کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
سابق وائس پریزیڈنٹ کنٹونمنٹ بورڈ واہ ملک ارشد محمود نے کہا کہ پاکستان یوتھ لیگ والنٹیئر فورم نوجوانوں کو سماجی خدمت کے مواقع فراہم کر رہا ہے جو قابل تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی مثبت سرگرمیاں معاشرے میں امید اور ترقی کا پیغام دیتی ہیں۔
ڈاکٹر شاہد نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماجی خدمات نوجوانوں میں قیادت کی صلاحیتیں پیدا کرتی ہیں اور انہیں ذمہ دار شہری بننے میں مدد دیتی ہیں، انہوں نے فورم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،کسی بھی معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کا کردار اہم ہوتا ہے۔
پاکستان یوتھ لیگ والنٹیئر فورم کی چیئرپرسن عفت رؤف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ پاکستان یوتھ لیگ والنٹیئر فورم کی اولین ترجیح ہے ہم طلبا و طالبات کی صلاحیتوں کو مزید نکھارتے ہیں سماجی روابط اور نوجوانوں کو بااعتماد بنانے کے لیے مکمل معاونت کرتے ہیں مقابلہ جات سے لے کر انعامات کے اختصاص تک ایک کوہ دشوار طے کرنا ہوتا ہے۔