ٹیکسلا۔ بار ایسوسی ایشن ٹیکسلا کے آمدہ الیکشن کے لیے امیدوار برائے جنرل سیکرٹری ملک علی نواز ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ وکلاء کی عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں، قانون کی سربلندی اور انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے جبکہ بار اور بنچ کے مابین مثالی تعلقات قائم کرنا اور ٹیکسلا بار کے وکلاء کی فلاح وبہبود میرا مشن ہے ہائی کورٹ بار کی طرح ٹیکسلا بار میں بھی ٹرانسپورٹ (کوسٹر یا ہائی ایس) کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ٹیکسلا واہ کے نواحی علاقوں سے آنے والے معزز وکلاء کو سفری مشکلات کی اذیت سے چھٹکارا مل سکے۔ مجھے سینیئر وکلاء کی سرپرستی اور لیڈیز وکلاء کی بھرپور سپورٹ حاصل ہے جبکہ ینگ لائرز میرے دست وبازو ہیں ان شاءاللہ ٹیکسلا بار کے وکلاء کے تعاون سے جیت میرا مقدر ٹھہرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکسلا کچہری میں پارکنگ کی وجہ سے وکلاء کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ نئے آنے والے وکلاء کے لیے چیمبرز کی بھی اشد ضرورت ہے ان شاءاللہ منتخب ہو کر اپنی تمام تر توانائیاں اور وسائل کو بروئے کار لاکر ان مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کروں گا۔
ملک علی نواز ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ میرا تعلق ٹیکسلا کی گجر فیملی سے ہے جو کہ اہلیان ٹیکسلا کی خدمت کے حوالے سے ایک شاندار ماضی اور درخشاں روایات کا حامل خاندان ہے یہی وجہ ہے کہ خدمت کا جذبہ مجھے ورثے میں ملا ہے اس لیے میں ٹیکسلا بار کے وکلاء کی خدمت کے لیے بحیثیت جنرل سیکرٹری الیکشن میں حصہ لے رہا ہوں امید کرتا ہوں کہ ٹیکسلا بار کے معزز وکلاء مجھ پر اعتماد کا اظہار کریں گے اور مجھے جنرل سیکرٹری منتخب کر کے اپنی خدمت کا موقع دیں گے ان شاءاللہ میں ان کے اعتماد اور بھروسے پر پورا اتروں گا