وزیراعلیٰ کے بلند و بانگ دعوے،راولپنڈی میں سرکاری ریٹ پر آٹا ناپید

راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ)وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی جانب سے عوام کو سرکاری نرخوں پر آٹا فراہمی کے بلند بانگ دعوے زمینی حقائق کے برعکس ثابت ہو رہے ہیں۔ کروڑوں روپے کے اشتہارات چلانے کے باوجود بیشتر شہروں اور محلوں میں سرکاری ریٹ پر آٹا دستیاب نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق انتظامیہ چند دکانداروں کے خلاف معمولی کارروائیاں کر کے جرمانے عائد کر دیتی ہے اور اس کے بعد “سب اچھا” کی رپورٹ پیش کر دی جاتی ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے بھی زمینی حقائق کے منافی رپورٹس بھیجی جا رہی ہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت دعووں کے بجائے عملی اقدامات کرے اور ایسے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے جو حقائق چھپا کر اعلیٰ حکام کو گمراہ کر رہے ہیں۔