
تحریر:ممبر پنجاب اسمبلی تحسین فواد
جب سے محترمہ مریم نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب کا منصب سنبھالا ہے، صوبہ بھر میں ترقی، عوامی فلاح اور شفاف گورننس کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونے کا اعزاز رکھنے والی مریم نواز نے اپنی صلاحیت، وژن اور خدمتِ عوام کے جذبے سے یہ ثابت کیا ہے کہ اگر نیت خالص ہو اور مقصد عوام کی بھلائی ہو تو ہر ناممکن کام ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ان کے اقتدار سنبھالتے ہی جس طرح صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار بڑھی ہے، وہ نہ صرف قابلِ ستائش ہے بلکہ مستقبل کے ایک خوشحال اور جدید پنجاب کی جھلک بھی پیش کرتی ہے انہوں نے جس منظم انداز میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، روزگار اور عوامی سہولتوں پر کام کیا ہے، اس نے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔
راولپنڈی شہر ان کی خصوصی توجہ کا مرکز رہا ہے پورے پنجاب کے ترقیاتی نقشے کو دیکھیں تو راولپنڈی ڈویژن اس وقت سب سے زیادہ توجہ اور وسائل حاصل کرنے والا علاقہ بن چکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے نہ صرف راولپنڈی کو ایک جدید شہر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں بلکہ ایسے منصوبے شروع کیے ہیں جو دہائیوں سے عوام کا خواب تھے۔راولپنڈی رنگ روڈ، جسے سالوں تک سیاسی تنازعات کی نذر کر دیا گیا تھا، مریم نواز کے ویژن کے تحت نئی توانائی کے ساتھ مکمل ہونے کی راہ پر گامزن ہے۔ یہ منصوبہ شہر کے ٹریفک بوجھ کو کم کرے گا، معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کرے گا اور اردگرد کے علاقوں میں نئی سرمایہ کاری کے دروازے کھولے گا۔اسی طرح اڈیالہ روڈ فلائی اوور، صدر جی پی او فلائی اوور کچہری چوک فلائی اوور جو شروع ہونے جا رہا ہے جیسے منصوبوں نے شہریوں کو سفری سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ وقت اور ایندھن کی بچت بھی یقینی بنائی ہے۔
شہری سہولتوں میں انقلاب لایا گیا پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے راولپنڈی شہر کے نواح میں کئی بڑے ڈیم تعمیر کیے جا رہے ہیں جس میں سے ددوچھہ ڈیم موہڑا شیرا ڈیم پاپین ڈیم قابل ذکر ہیں جبکہ چھوٹے بڑے کئی ڈیم دیگر علاقوں میں بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جن سے راولپنڈی میں پانی کی ضروریات پوری ہو سکیں گی راولپنڈی شہر کی عوام کے دیرینہ مطالبے پر راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں توسیعی منصوبہ شروع کیا گیا، تاکہ دل کے مریضوں کو جدید سہولتیں دستیاب ہوں۔ ساتھ ہی بے نظیر بھٹو جنرل اسپتال اور ہولی فیملی اسپتال کی اپ گریڈیشن سے صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔تعلیم کے میدان میں بھی وزیراعلیٰ مریم نواز نے خاص توجہ دی ہے۔ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے نئے بلاکس کی تعمیر، سرکاری اسکولوں میں جدید سہولتوں کی فراہمی اور تعلیمی وظائف کے نئے پروگرام اس بات کی علامت ہیں کہ ان کی حکومت تعلیم کو ترقی کی بنیاد سمجھتی ہے۔ صفائی، شجرکاری اور عوامی فلاح میں عملی اقدامات کیے گئے
راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو جدید مشینری سے لیس کیا گیا ہے تاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھا جا سکے۔ ”کلین اینڈ گرین راولپنڈی” مہم کے تحت پارکوں، گرین بیلٹس اور سڑکوں کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے۔ شجرکاری مہمات کے ذریعے ہزاروں درخت لگائے گئے جو نہ صرف ماحول کی خوبصورتی بڑھا رہے ہیں بلکہ ماحولیاتی تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔خواتین اور نوجوانوں کے لیے اقدامات، مریم نواز شریف نے خواتین کو خود مختار بنانے کے لیے راولپنڈی میں خصوصی ویمن ڈویلپمنٹ سینٹرز کا آغاز کیا ہے۔ نوجوانوں کے لیے اسکل ڈویلپمنٹ پروگرامز، انٹرن شپ اسکیمیں اور ای روزگار پروگرام شروع کیے گئے تاکہ روزگار کے مواقع بڑھیں اور نوجوان اپنے قدموں پر کھڑے ہو سکیں۔وزیراعلیٰ کا ویژن صرف موجودہ ضروریات تک محدود نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ہے۔
راولپنڈی ماس ٹرانزٹ سسٹم اور واٹر سپلائی نیٹ ورک اپ گریڈیشن جیسے منصوبے شہر کو جدید طرزِ زندگی سے ہم آہنگ کر رہے ہیں۔ ان منصوبوں سے نہ صرف شہریوں کو آرام دہ سفر اور صاف پانی دستیاب ہوگا بلکہ شہر کی ترقی کا نیا باب بھی رقم ہوگا۔عوام کا اعتماد اور امید کی کرن، راولپنڈی کی عوام کو طویل عرصے بعد ایک ایسی قیادت ملی ہے جو نہ صرف وعدے کرتی ہے بلکہ انہیں پورا بھی کرتی ہے۔ مریم نواز شریف کی عوام سے براہِ راست رابطہ اور مسائل کے فوری حل کی پالیسی نے لوگوں کو یقین دلا دیا ہے کہ پنجاب کی بیٹی واقعی عوام کے لیے کام کر رہی ہے۔یہ اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر نیت عوامی خدمت ہو تو ترقی کے دروازے خود بخود کھلنے لگتے ہیں۔ راولپنڈی کی روشن سڑکیں، بہتر اسپتال، تعلیم کے مواقع اور روزگار کے منصوبے آج مریم نواز شریف کی کامیاب قیادت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ پنجاب کی عوام، خصوصاً راولپنڈی کے شہری، دل سے اس قیادت کو سلام پیش کرتے ہیں جس نے ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلا۔ اگر یہی رفتار برقرار رہی تو وہ دن دور نہیں جب راولپنڈی کو ”جدید پنجاب کا دل” کہا جائے گا۔