چکوال (نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز آج چکوال کا دورہ کریں گی جس کے دوران وہ یونیورسٹی آف چکوال، سکول آف ایکسی لینس اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال کا معائنہ کریں گی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ اس موقع پر چکوال کے لیے مختص الیکٹرک بسوں کا افتتاح نہیں کریں گی۔
باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ چکوال کے لیے مختص الیکٹرک بسیں اس وقت تاحال پورٹ پر کھڑی ہیں اور امکان ہے کہ یہ بسیں آج یا کل چکوال کے لیے روانہ کی جائیں گی۔ مزید یہ کہ ان بسوں کے لیے درکار چارجنگ اسٹیشنز پر ابھی کام جاری ہے، جس کی تکمیل باقی ہے۔
یاد رہے کہ چند صحافتی حلقوں کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے دورہ چکوال کے موقع پر الیکٹرک بسوں کے افتتاح سے متعلق خبریں زیر گردش تھیں۔ تاہم تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اس حوالے سے کوئی باضابطہ تقریب یا افتتاحی شیڈول طے نہیں کیا گیا۔
ذرائع نے واضح کیا ہے کہ الیکٹرک بس منصوبے کے افتتاح کے لیے درکار تیاریاں مکمل ہونے کے بعد ہی کوئی اعلان یا تقریب ممکن ہوگی۔