وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب سے لندن روانہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد ریاض سے لندن روانہ ہوگئےایئرپورٹ پر ریاض کے نائب گورنر محمد بن عبد الرحمن بن عبدالعزیز نے وزیراعظم شہباز شریف کو الوداع کیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر یہ دورہ کیا، اس دوران مختلف اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ دورے کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا حالیہ دورۂ سعودی عرب کے دوران شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے اسٹریٹیجک باہمی دفاعی معاہدہ (SMDA) پر دستخط کیے، جو دفاعی تعاون اور مشترکہ سلامتی میں انقلابی پیش رفت ہے۔

اس معاہدے کے تحت کسی بھی ملک پر جارحیت دونوں ممالک پر حملہ تصور ہوگی، جو دفاعی اتحاد اور مشترکہ تحفظ کو مضبوط بناتا ہے۔ معاہدے کے تحت پاکستان اب حرمین شریفین کے تحفظ اور سعودی عرب کی سلامتی میں ایک اسٹریٹیجک پارٹنر بن گیا ہے۔

اس اہم معاہدے کی تیاری اور تکمیل میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کلیدی کردار نمایاں ہے۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے کئی دہائیوں پر محیط فوجی تعاون، مشترکہ مشقوں اور دفاعی تعلقات کو ایک باقاعدہ اسٹریٹیجک شراکت داری میں ڈھالتا ہے۔

معاہدہ سے نہ صرف خطے میں امن اور عالمی سلامتی کو فروغ ملے گا بلکہ اقتصادی، سفارتی اور عسکری میدانوں میں بھی وسیع مواقع پیدا ہوں گے