وزیراعظم سے بانی پی ٹی آئی سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی،سہیل آفریدی

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم سے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔

اسلام آباد میں وزیرِ اعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی یا بہنوں سے ملاقات کے حوالے سے کسی قسم کی بات نہ ہوئی، کسی سیاسی معاملے پر بات نہیں ہوئی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختون خوا کے قبائلی اضلاع میں 26 سو ارب روپے رکے ہیں، وزیرِ اعظم نے پیسے جاری کرنے کی ہدایات کر دی ہیں، 5 ہزار 300 ارب سے متعلق آئی ایم ایف کی رپورٹ چارج شیٹ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تیراہ، اورکرم، باجوڑ کے جو لوگ قربانی دے رہے ہیں ان کے لیے 4 ارب روپے بہت تھوڑی رقم ہے،  جو لوگ قربانی دے رہے ہیں ان کے لیے 4 ارب روپے کی رقم کچھ بھی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کا نہ کوئی صوبہ اور نہ ہی ملک ہوتا ہے، عید کے بعد ملاقات ہو گی اور دہشت گردی پر بات ہو گی، ہم پہلے سے کھل کر بات کر رہے ہیں اور اپنا مؤقف دے رہے ہیں۔