میرپور میں نکہ کھاڑک کے مقام پر نومولود بچے کی برآمدگی

میرپور کے علاقے نکہ کھاڑک میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں مین نکہ روڈ پر ایک نامعلوم خاتون اپنے نومولود بچے کو چھوڑ کر چلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، بچے کو کسی کچرے کے ڈھیر پر نہیں بلکہ ایک کریانہ سٹور کے باہر رکھے شو کیس میں نہایت احتیاط کے ساتھ رکھا گیا تھا۔ بچے کو صاف ستھرے اور اچھے لباس میں ملبوس کیا گیا تھا، ساتھ دودھ کا فیڈر بھی موجود تھا، جبکہ اسے ایک کوٹ میں لپیٹ کر محفوظ انداز میں رکھا گیا۔ بچہ بظاہر صحت مند اور خوبصورت تھا، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اسے جان بوجھ کر محفوظ جگہ پر چھوڑا گیا۔
واقعہ سامنے آنے پر مقامی افراد کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی، اور کئی لوگوں نے بچے کو گود لینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ تاہم انتظامیہ نے قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے بچے کو کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے حوالے کر دیا۔
یہ واقعہ کئی اہم سوالات کو جنم دیتا ہے:
کیا یہ کسی غیر شادی شدہ ماں کا معاملہ ہے؟ کیا کسی مجبوری یا سماجی دباؤ کے تحت بچے کو چھوڑا گیا؟ یا غربت جیسے عوامل اس فیصلے کا سبب بنے؟
عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ پولیس اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرے۔ قریبی علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں اور جیو فینسنگ کی مدد سے اصل حقائق تک پہنچنے کی کوشش کی جائے تاکہ اس واقعے کے محرکات سامنے آ سکیں۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.