راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) راولپنڈی کے علاقے مورگاہ میں واقع گولف کلب کے باہر کار اور موٹر سائیکل کے درمیان افسوسناک تصادم کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل نمبر 8717 پر دو افراد سوار تھے جن کی شناخت غلام نبی ولد نامعلوم، عمر 66 سال، ساکن جھندا چیچی اور راجہ مشتاق، رہائشی عسکری 14 کے طور پر ہوئی ہے۔ حادثے کے نتیجے میں غلام نبی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ راجہ مشتاق زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعدازاں بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والا غلام نبی موٹر سائیکل چلا رہا تھا۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں تفتیش جاری ہے۔