مندرہ: معروف گھوڑا پال انجم پٹواری کے تین قیمتی ریس ہارسز کو زہر دے کر ہلاک کر دیا گیا

مندرہ (نمائندہ پنڈی پوسٹ) — مندرہ کے معروف گھوڑا پال اور سماجی شخصیت انجم پٹواری کے تین قیمتی گھوڑوں کو نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر زہر دے کر ہلاک کر دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں شدید افسوس اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی، جبکہ گھوڑا پال برادری نے اس واقعے کو سفاکانہ اور قابلِ مذمت قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے گھوڑے مقامی اور علاقائی سطح کی گھڑ دوڑ میں نمایاں کارکردگی رکھتے تھے اور اپنی رفتار اور نسل کے اعتبار سے پہچان رکھتے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان میں سے ایک گھوڑے کی مالیت تقریباً تیس لاکھ روپے تھی، جب کہ دیگر دونوں بھی قیمتی اور تربیت یافتہ ریس ہارسز تھے۔
واقعے کے بعد علاقے کی اہم شخصیات نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ساجد بھی متاثرہ اصطبل پہنچے، انجم پٹواری سے اظہارِ تعزیت کیا اور بے زبان جانوروں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات نہ صرف اخلاقی طور پر افسوسناک ہیں بلکہ مقامی کھیل اور معیشت کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔
گھوڑا پال برادری اور اہلِ علاقہ نے مندرہ پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ متاثرہ مالک کی جانب سے نامعلوم افراد کے خلاف درخواست دیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں، جبکہ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ اگر ملزمان کو کیفرِ کردار تک نہ پہنچایا گیا تو اس طرح کے واقعات کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ شہریوں نے حکومتِ وقت سے مطالبہ کیا ہے کہ گھوڑا پال برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.