روات(نمائندہ پنڈی پوسٹ)پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکن جمعہ 29 اکتوبر کو سہ پہر 3 بجے روات کے مقام پر مہنگائی کے خلاف احتجاج کریں گے۔ پی ڈی ایم قیادت کی ہدایت اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی نائب صدر اور سابق ایم پی اے انجینیئر قممرالاسلام کی اپیل پر پی ڈی ایم جماعتوں اور پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکن مقامی طور پر روات بازار میں مہنگائی اور بیروزگاری بالخصوص پٹرول، بجلی اور گیس کے بڑھتے نرخوں کے خلاف احتجاج کریں گے ۔ذرائع کے مطابق اس احتجاج میں انجینئر قمرالاسلام کے نئے اور پرانے حلقے کی یونین کونسلز کے بلدیاتی ارکان، مقامی رہنما اور پارٹی ورکرز شرکت کریں گے ۔ انجینئر قمرالاسلام کی طرف سے جاری ہونے والے پریس ریلیز کے مطابق روات میں ہونے والا یہ پر امن احتجاجی مظاہرہ جمعہ 29 اکتوبر کو سہ پہر تین بجے شروع ہو گا اور چار بجے سے پہلے اختتام پذیر ہوجائے گا ۔ پارٹی وابستگان سے شرکت کی پر زور اپیل کی گئی ہے۔