مسلم لیگ جب بھی برسر اقتدار آئی ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا ، راجہ صغیر

رکن پنجاب اسمبلی راجہ صغیر احمد نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کو اپنی ترجیح کا حصہ بنایا ، ہماری جماعت جب بھی برسر اقتدار آئی ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھادیا، قومی سطح پر موٹر ویز ،میٹرو بس ، اورنج لائن اور بجلی کے منصوبے ہماری حکومت کے وہ شاندار کارنامے ہیں جو آج بھی عوامی فلاح کی روشن مثال ہیں، تحصیل کلرسیداں میں بھی عوامی سہولت کے کئی منصوبے مسلم لیگ کے ادوار میں مکمل ہوئے۔کلر سیداں تا چوکپنڈوری روڈ کی تعمیر ، دیہی علاقوں میں بجلی و گیس کی فراہمی سکولوں اور کالجوں کی اپ گریڈیشن ،بنیادی مراکز صحت کی بحالی و بہتری اور صاف پانی کے منصوبے مسلم لیگ کے عوامی خدمت کے عزم کا ثبوت ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت ساڑھے تین برس تک اقتدار میں رہی مگروہ ہمارے حلقے کوایک بھی میگا پروجیک نہ دے سکی۔ عمران خان نے پی پی 7 میں یونیورسٹی اور ایک بڑے ہسپتال کا وعدہ کیا تھا جو پورا نہ ہو سکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی کنوہا کے گاؤں چک گجراں میں چو ہدری محمد آصف نورانی کی رہائش گاہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ مسلم لیگ ن کے کوارڈینیٹر چو ہدری شاہد گجر، چوہدری نعیم بنارس ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایم پی اے کامزید کہناتھا کہ تحصیل کلرسیداں کی شرقی یونین کونسلوں میں جہاں ابھی تک سوئی گیس پائپ لائن نہیں بچھائی گئی اس کو بھی جلد مکمل کروائیں گے۔ جن علاقوں میں بجلی کی سہولت میسر نہیں ا ن شاء اللہ انہیں بجلی کی سہولت فراہم کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نعروں پر نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ہم ایسا وعدہ نہیں کرتےجسے بعد میں پورا نہ کر سکیں۔ علاقہ کی پسماندگی کاخاتمہ میری اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں میرا بیٹا راجہ احمد صغیر لڑے گا۔یہ میرا آخری الیکش تھا مگر عوامی خدمت کے جذبے کواسی طرح جاری وساری رکھوں گا۔