راولپنڈی: مانکیالہ کے قریب برساتی نالے میں طغیانی، جھگی نشین متاثر، حکومتی اداروں سے مدد کا مطالبہ

راولپنڈی کے مضافاتی علاقے مانکیالہ میں ریڈکو ٹیکسٹائل ملز کے سامنے گزرنے والے برساتی نالے میں طغیانی آنے سے جھگیوں میں رہائش پذیر کئی خاندان شدید متاثر ہوئے ہیں۔ نالے میں آنے والے شدید ریلا جھگیوں میں گھس گیا، جس کے باعث متعدد جھگیاں زیر آب آگئیں اور متاثرہ خاندانوں کا تمام سامان تباہ و برباد ہوگیا۔

مقامی افراد کی بروقت مدد سے جھگیوں میں رہنے والے افراد کو پانی میں ڈوبنے سے بچا لیا گیا، تاہم متاثرین کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مقامی لوگوں کے مطابق، ریڈکو ٹیکسٹائل ملز کی کالونی میں کی گئی بھرائی کی وجہ سے برساتی نالے کا قدرتی راستہ تنگ ہو گیا ہے، جس کے باعث طغیانی کا پانی اطراف کی بستیوں میں داخل ہو گیا اور جھگی نشینوں کے ڈھیرے براہ راست متاثر ہوئے۔

افسوسناک امر یہ ہے کہ واقعہ دن کے وقت پیش آنے کے باوجود صبح 11 بجے تک نہ تو ریسکیو 1122، نہ روات پولیس اور نہ ہی کوئی حکومتی ادارہ متاثرہ مقام پر پہنچا۔ متاثرہ افراد کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں جبکہ بچوں، خواتین اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مقامی آبادی اور متاثرین نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، متاثرہ خاندانوں کو امداد فراہم کرنے اور نالے کے قدرتی راستے کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آئندہ اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں