راولپنڈی: اڈیالہ روڈ کے علاقے جراہی سٹاپ میں ایک رہائشی مکان کی لوہے کی حفاظتی جالی میں پھنسی بے زبان بلی کو بچانے کے لیے ریسکیو 1122 راولپنڈی نے بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے ایک اور مثالی ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا۔ بلی جالی میں پھنسنے کے باعث شدید زخمی ہو گئی تھی اور تڑپ رہی تھی، تاہم ریسکیو اہلکاروں کی فوری رسائی نے اس کی جان بچا لی۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم نے فوری رسپانس دیتے ہوئے ریسکیو ٹیم کو جائے وقوعہ روانہ کیا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران 02 ایمرجنسی گاڑیاں، جن میں ایک ریسکیو وہیکل اور ایک موٹر بائیک سروس شامل تھی، جبکہ 03 تربیت یافتہ اہلکاروں نے حصہ لیا۔ ریسکیو ٹیم نے خصوصی کٹنگ ٹولز استعمال کرتے ہوئے لوہے کی جالی کو احتیاط سے کاٹ کر بلی کو بحفاظت آزاد کیا۔
ریسکیو کے بعد زخمی بلی کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جس کے بعد اسے محفوظ مقام پر چھوڑ دیا گیا۔ مقامی مکینوں نے ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر ریسکیو ٹیم بروقت نہ پہنچتی تو بلی کی جان کو شدید خطرہ لاحق تھا۔
ریسکیو 1122 راولپنڈی کے مطابق ادارہ صرف انسانی جانوں ہی نہیں بلکہ بے زبان جانوروں کی حفاظت کو بھی اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.