کلر سیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ)اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں رمیشا جاوید اعوان نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول غزن آباد کے ایک حصے پرپٹوارسرکل قائم کر دیا جس سے نہ صرف سکیورٹی مسائل پیدا ہونگے بلکہ اس کی آپ گریڈیشن کا معاملہ بھی التواء کا شکار ہو جائے گا۔سکول کی سرکاری جگہ کسی اور محکمے کو منتقل نہیں کی جا سکتی، اسسٹنٹ کمشنر نے ہم سے رضامندی حاصل کئے بغیر سکول کا ایک حصہ پٹواریوں کو دے دیا،ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر (ایجوکیشن) کلر سیداں ثوبیہ خورشید کی میڈیا سے گفتگو۔لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے نجی عمارتوں میں قائم پٹوار سرکلز کو ختم کر کے انہیں سرکاری عمارتوں میں منتقل کرنے کے احکامات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں نے غزن آباد پٹوار سرکل جو کہ ایک نجی عمارت میں قائم کیا گیا تھا کو گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول غزن آباد کی ایک خالی بلڈنگ میں منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں جس پر محکمہ تعلیم کلر سیداں سمیت ٹیچرز یونین میں سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے سرکاری بلڈنگ کو فوری طور پر خالی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔سکول کی ہیڈ مسٹریس نادیہ رزاق نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ پرائمری سکول غزن آباد جو کہ ایلیمنٹری ہونے جا رہا ہے کا قبضہ پٹواریوں کو دے دیا گیا ہے جو سراسر زیادتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بچیوں کا سکول ہے مگر یہاں کوئی درجہ چہارم کا ملازم ہے نہ ہی سکیورٹی کے انتظامات ہیں۔پٹوار سرکل میں ہر طرح کے لوگ آتے ہیں جس کی وجہ سے ہمارا تعلیم ماحول بری طرح متاثر ہو گا اور خواتین اساتذہ سمیت بچیاں بھی اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کریں گی۔انہوں نے اے سی کو مشورہ دیا کہ پٹوار سرکل کو محکمہ زراعت کی بلڈنگ جو کافی عرصہ سے خالی پڑی ہوئی ہے میں شفٹ کرنے کے احکامات جاری کریں وگرنہ تدریسی نظام بری طرح متاثر ہو گا۔
327