عید شاپنگ کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات، SHO لوہی بھیر کی فیلڈ میں موجودگی


اسلام آباد (حماد چوہدری)عیدالفطر کی خریداری کے پیشِ نظر جڑواں شہروں کے مختلف بازاروں، خصوصاً پی ڈبلیو ڈی،پولیس فونڈیشن اور پاکستان ٹاون میں عوام کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کی جانب سے جامع اقدامات کیے گئے ہیں۔
ایس ایچ او تھانہ لوہی بھیر فواد خالد خود مختلف بازاروں میں فیلڈ میں موجود رہ کر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ پولیس ٹیمیں عوام کی رہنمائی اور حفاظت کے لیے متحرک ہیں جبکہ اہم مقامات پر چیک پوسٹس بھی قائم کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان علاقوں میں جہاں ماضی میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتیں رپورٹ ہوتی رہی ہیں، وہاں خصوصی طور پر پولیس موبائلز اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ ایس ایچ او فواد خالد اپنی ذاتی نگرانی میں رات گئے تک پٹرولنگ کرتے ہیں اور اہلکاروں کی ڈیوٹیز کا خود معائنہ بھی کرتے ہیں۔
پی ڈبلیو ڈی،پولیس فونڈیشن اور پاکستان ٹاون تاجر یونین کے صدر چوہدری ریاست کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او لوہی بھیر کی مؤثر کارکردگی اور عوام دوست رویہ قابلِ ستائش ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں ایسی فعال قیادت دیکھنے میں نہیں آئی، تاہم فواد خالد کی تعیناتی کے بعد تاجروں نے سکھ کا سانس لیا ہے اور دکانیں رات گئے تک بلا خوف و خطر کھلی رہتی ہیں۔
مزید برآں بازار کے وسط میں پولیس کی جانب سے ایک امدادی کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے جہاں شہریوں اور تاجر برادری کو فوری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پولیس نے ان شہریوں کے گھروں کی سیکیورٹی پر بھی خصوصی توجہ دی ہے جو عید منانے کے لیے اپنے آبائی علاقوں کو جا چکے ہیں اور جن کی رجسٹریشن تھانے میں موجود ہے، تاکہ چوری جیسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق عید کے ایام میں سیکیورٹی کے یہ اقدامات بلا تعطل جاری رہیں گے تاکہ شہری پُرامن اور محفوظ ماحول میں اپنی خریداری مکمل کر سکیں۔