عظیم الشان سالانہ معلمِ کائنات ﷺ کانفرنس جامعہ دارالعلوم فاروقیہ راولپنڈی میں منعقد
راولپنڈی:
جامعہ دارالعلوم فاروقیہ راولپنڈی میں عظیم الشان سالانہ معلمِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کانفرنس کا انعقاد انتہائی عقیدت، وقار اور روحانی ماحول میں کیا گیا۔ یہ بابرکت کانفرنس بسلسلہ دستاربندی حفاظِ کرام اور علماء کرام منعقد ہوئی، جس میں علمِ دین کی عظمت، اساتذہ کرام کے مقام اور ختمِ نبوت ﷺ کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔
کانفرنس کا انعقاد بفیضانِ نظر و خراجِ تحسین بانی و سرپرست جامعہ، حضرت مولانا قاضی عبد الرشید صاحب رحمۃ اللہ تعالیٰ کی علمی و دینی خدمات کے اعتراف میں کیا گیا۔
تقریب کی زیرِ سرپرستی جامعہ کے مہتمم، مولانا قاضی جنید الرشید صاحب نے کی۔
کانفرنس کے مہمانِ خصوصی ناظمِ اعلیٰ وفاق المدارس العربیہ پاکستان، مولانا قاری حنیف جالندھری صاحب تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں اور علماء و حفاظ امت کی فکری و نظریاتی حفاظت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے معلمِ کائنات ﷺ کی سیرت کو عملی زندگی میں اپنانے پر زور دیا۔
تقریب سے حضرت مولانا سعید یوسف صاحب اور حضرت مولانا عبید الرحمن صاحب نے بھی خصوصی خطابات کیے، جن میں طلبہ، اساتذہ اور معاشرے کو علم، عمل اور اخلاق کی روشنی میں رہنمائی فراہم کی گئی۔
کانفرنس میں نعتِ رسول مقبول ﷺ اور منقبتِ صحابہ کرامؓ پیش کرنے کی سعادت
جناب قاری شاہد عمران عارفی صاحب اور جناب حافظ عثمان قصوری صاحب نے حاصل کی، جن کی پرسوز آواز نے محفل کو روحانی کیفیت سے سرشار کر دیا۔مہتمم دارالعلوم فاروقیہ جناب قاضی جنید الرشید صاحب نے سب مہمانوں کا دل سے شکریہ ادا کیا اور اس گلشن کے سربراہ قاضی عبد الرشید صاحب رحمۃ اللہ تعالیٰ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔
اسٹیج سیکرٹری کے فرائض مولانا شبیر احمد کاشمیری صاحب اور مولانا ندیم صاحب نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔
کانفرنس میں شریک ممتاز علماء کرام میں:
قاری افتخار احمد صاحب (مہتمم دارالعلوم ختم نبوت چونترہ)،مفتی ناصر صاحب،مولانا عمر فاروق صاحب،مفتی محمد نعیم اختر صاحب،مولانا عبداللہ خدامی،مولانا آفتاب حیدر صاحب،مفتی سعید البشر صاحب
اور دیگر جید علماء کرام شامل تھے، جنہوں نے سیرتِ النبی ﷺ، تعلیم و تربیت اور دینی ذمہ داریوں پر مدلل بیانات کیے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت قاری سلمان حبیب صاحب نے حاصل کی۔
کانفرنس کے اختتام پر حفاظِ کرام اور دورۂ حدیث مکمل کرنے والے طلبہ کی باوقار دستاربندی کی گئی، جس پر حاضرین نے خوشی اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
آخر میں ملک و قوم، امتِ مسلمہ اور دینی اداروں کی ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
کانفرنس میں علماء، طلبہ، معززینِ علاقہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔