صدائے حسان چک بیلی خان کے زیر اہتمام محفل حمد و نعت رنوترہ


چک بیلی خان (نمائندہ خصوصی)
گاؤں رنوترہ شریف نزد چک بیلی خان میں مسجد النور کے زیرِ اہتمام صدائے حسان کے پلیٹ فارم سے 30 اگست 2025ء بروز ہفتہ بعد نمازِ مغرب ایک عظیم الشان محفلِ حمد و نعت و محفلِ مقصد میلاد مصطفیٰ ﷺ منعقد ہوئی، جس میں اہلِ ایمان کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت مولانا قاری محمد سلیم صاحب نے حاصل کی۔ نعتیہ کلام کی صورت میں عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کرنے والوں میں مولانا طلحہ عثمانی صاحب (وائس صدر صدائے حسان پاکستان)، قاری عاقب تنویر عثمانی صاحب (صدر صدائے حسان چک بیلی خان) اور ماسٹر محمد عثمان ملک صاحب (جنرل سیکرٹری صداۓ حسان چک بیلی خان) شامل تھے۔

نقابت کے فرائض نہایت خوبصورت انداز میں مولاناحافظ محمد آصف صاحب اور حافظ محمد عزیر شفیق بھٹی صاحب نے سرانجام دیے۔

خصوصی خطاب حضرت مولانا محمد عمر فاروق صاحب نے فرمایا، جنہوں نے محبتِ رسول ﷺ، اصلاحِ احوال اور دینِ اسلام سے عملی وابستگی پر دل نشین گفتگو کی۔

اس روح پرور محفل میں سرپرست صاحبان صدائے حسان چک بیلی خان حضرت مولانا قاری افتخار صاحب اور حضرت مولانا قاری سرفراز صاحب نے انتظامی امور کی سرپرستی کی، جبکہ مجموعی انتظامات کو مثالی قرار دیا گیا۔
خاص کر انتظامیہ مسجد النور اور اہلیان رنوترہ نے اپنے حسن اخلاق سے نہ صرف عام عوام بلکہ علماء حضرات کے بھی دل جیت لیے ،اور بہت ساری دعائیں سمیٹیں۔
محفل کے اختتام پر اجتماعی دعا ہوئی اور عاشقانِ رسول ﷺ کے لیے وسیع لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا۔

یہ محفل نہ صرف اپنی نوعیت کے لحاظ سے کامیاب و نایاب رہی بلکہ اہلِ ایمان کے دلوں میں محبتِ رسول ﷺ کی نئی حرارت بھی پیدا کر گئی۔